حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو اسلام آباد میں کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دیا جائےگا۔
پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ روکنے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ،کمانڈنٹ ایف سی، آئی جی اسلام آباد،کمانڈر رینجرز اسلام آباد نے شرکت کی، اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی شریک ہوئے، اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس، پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ہر صورت روکنے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی ہدایت پر اجلاس کی کارروائی کو ان کیمرا رکھا گیا، سکیورٹی ایجنسیز نے وزیرداخلہ کوپی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے متعلق بریفنگ دی، اجلاس میں پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنا روکنےکے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے شرکا کی تعداد 15 سے 20 ہزار کے درمیان ہونےکا امکان ہے، امن و امان یقینی بنانےکے لیے اسلام آباد پولیس، سندھ پولیس، رینجرز اور ایف سی کی خدمات لینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔