جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرآب، نالے بھی بھر گئے

اسلام آباد; جڑواں شہروں میں سمیت بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا،  طوفانی بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، نالے بھی پانی سے بھرگئے۔

جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، جڑواں شہروں میں اب تک 32 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

راولپنڈی کے نشیبی علاقے بارش سے زیر آب آگئے، صادق آباد، شکریال، ڈھوک کالاخان میں پانی گلیوں میں داخل ہوگیا، ندیم کالونی، جاوید کالونی اور پیرودھائی کے علاقوں میں بھی پانی بھر گیا۔

نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ہیوی مشینری نالہ لئی ،کمیٹی چوک اور صادق آباد کے علاقے میں پہنچا دی گئی، واسا کے عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا، ایم ڈی واسا فیلڈ میں موجود ہیں۔

ملکہ کوہسار مری ، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

Comments (0)
Add Comment