ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ حکومت کو امریکی معاشی دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہو گا، ورنہ وہ قائم نہیں رہ سکے گی۔ بغداد میں ایرانی سفارت خانے میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوجی طاقت چاہے کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو، اگر عوام بھوکے ہوں اور معاشی ترقی نہ ہو تو حکومت کا بقا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے ظالمانہ پابندیوں پر قابو پانے کے لیے منصوبہ بندی اور ایران و عراق کے درمیان باہمی تجارت میں قومی کرنسیوں کے استعمال پر زور دیا تاکہ ڈالر پر انحصار ختم کیا جا سکے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی کے لیے متحد ہونا ہو گا، جبکہ امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے مطابق واشنگٹن کی نئی پابندیاں ایرانی حکومت کو زوال سے دوچار کرنے کے لیے سب سے بڑی معاشی تنہائی کی مہم ہوں گی۔