راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے

راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے جاری شدید موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور نالہ لئی سمیت مختلف برساتی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے واسا اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

فلڈ کنٹرول روم کی رپورٹ کے مطابق نالہ لئی بیسن میں اوسطاً 54.51 ملی میٹر جبکہ سب سے زیادہ بارش کچہری چکلالہ میں 103 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد گوالمنڈی کے لیے پری الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

شدید بارش کی وجہ سے صادق آباد، ڈھوک کھبہ، پیرودھائی، اور ندیم کالونی جیسے نشیبی علاقوں کی گلیوں اور گھروں میں تین سے چار فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے، جبکہ مری روڈ، کمیٹی چوک انڈر پاس اور مال روڈ سمیت تمام اہم شاہراہیں جل تھل ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں بھی پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کا سامان خراب ہو گیا اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔ اسی دوران راولپنڈی کے مصریال روڈ پر کھیلنے کے دوران ایک بچہ نالے میں بہہ گیا جس کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب ایم ڈی واسا نے بتایا کہ حساس مقامات پر بھاری مشینری اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ نکاسیٔ آب کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment