بیٹے کی پسند کی شادی، ملزمان نے باپ کی ناک کاٹ دی

رحیم یار خان کے علاقے جمال الدین والی میں پسند کی شادی کا تنازع ایک دل دہلا دینے والے واقعے کا سبب بن گیا۔ بیٹے کے پسند کی شادی کرنے کی رنجش پر مسلح ملزمان نے گھر پر حملہ کر کے لڑکے کے والد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی ناک کاٹ دی۔

متاثرہ شخص نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد نے اچانک ان کے گھر پر حملہ کیا اور انہیں زبردستی اغوا کر کے قریب واقع کھیتوں میں لے گئے۔ وہاں ملزمان نے ان کے ساتھ انتہائی بے دردی سے زدوکوب کیا اور بیدردی سے ان کی ناک کاٹ کر موقع سے فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Comments (0)
Add Comment