زندگی میں اس طرح کا سیلاب نہیں دیکھا،شہباز شریف کامتاثرین کیلئے 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان

وزیراعظم شہباز  شریف کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی میں اس طرح کا سیلاب نہیں دیکھا، دیہات کے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ساتھ ہی   جعفرآباد، جھل مگسی اور  دیگر علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2010 کاسیلاب سندھ اور ملحقہ علاقوں تک محدود تھا لیکن اس بار  پانی چاروں طرف پھیلاہوا ہے، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ سوات، دیر، کالام بارش سے تباہی کا شکار ہوگئے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دریاکےکنارےقائم گھر اور ہوٹل دریا برد ہوگئے، پورے پاکستان میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، چاول کی فصل مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے، بجلی کےکھمبے گر گئے، ٹرانسفارمرز کو بھی نقصان پہنچا۔

 ان کا کہنا تھا میں نے اپنی زندگی میں اس طرح کا سیلاب نہیں دیکھا، دیہات کے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں، ایک ہزار لوگ اللہ کو  پیارے ہوگئے، ہزاروں زخمی ہوگئے۔

 وزیر اعظم نے پاکستان کو ملنے والی امداد سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ  ترکیہ سے دو امدادی جہاز کراچی پہنچ رہے ہیں، یواےای  سے امدادی سامان لے کر جہاز  آج  اسلام آباد پہنچےگا، برطانیہ کی حکومت نے ڈیڑھ ملین  پاؤنڈ امدادکا اعلان کیا ہے، مصیبت کی گھڑی میں جہاں سے امدادمل رہی ہے ان سب کے شکرگزار ہیں، ایران، ترکیہ کے صدور نے مجھ سے بات کی اور جانی نقصان پر دکھ کا اظہارکیا۔

شہباز شریف نے گفتگو میں قوم سے اپیل کی کہ کروڑوں بھائی اور  بچے امدادکے منتظر ہیں، ان کاہاتھ تھامیں  اور کہا کہ ایک شخص نےکل رات 6کروڑ  روپے دیے اور کہا کہ نام نہ بتایاجائے، ایک گروپ نے 45کروڑ روپے اکاؤنٹ میں جمع کرائے ہیں، لاکھوں پاکستانی اپنی مدد آپ پانی اور خوراک پہنچا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے بتایا کہ وفاقی حکومت ہر خاندان کو  25 ہزار روپے  دے رہی ہے، این ڈی ایم اے اور بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے امداد تقسیم کر رہےہیں، ایک ہفتے میں 25 ارب روپے متاثرین میں تقسیم ہوں گے، نقصانات کا مزید تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment