برمنگھم: کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پاکستان کا پرچم سربلند کرتے ہوئے ملک کیلئے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ نے کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں سب سے لمبی تھرو کر کے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔
برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کے مدمقابل عالمی چیمپئن سمیت 16 کھلاڑی تھے۔
جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86.81 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن اینڈریسن ہیٹرس نے پہلی تھرو 82.30 میٹر پھینکی۔
ارشد ندیم نے دوسری تھرو کی تو اُسے فاول قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے تیسری تھرو 88 میٹر پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا، واضح رہے کہ پاکستانی ایتھلیٹ میں اُن کا ذاتی ریکارڈ 86.38 میٹر تھا۔
تیسری تھرو کے بعد ارشد ندیم 8 بہترین تھرورر میں آگئے جس کے بعد انہیں مزید 3 تھرو دی گئیں۔
ارشد ندیم نے چوتھی تھرو 85.9 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن نے چوتھی تھرو 82.74 میٹر پھینکی، اس موقع پر ورلڈ چیمپئن اینڈرس پیٹرس ارشد سے آگے نکل گئے۔
پانچویں باری میں پیٹرس نے 88.64 میٹر تھرو پھینکی اور پھر ارشد ندیم نے 90.18 تھرو پھینکی، بعد ازاں انہوں نے چھٹی باری میں 86 میٹر تھرو پھینکی۔
ارشد ندیم کی کامیابی پر صدر ، وزیر اعظم ، وفای وزرا اور عسکری قیادت نے خصوصی طور پر مبارکباد دی
انتظامیہ نے نتیجہ دیکھنے کے بعد ارشد ندیم کو جیولین تھرو ایونٹ کا گولڈ میڈلسٹ قرار دیا جبکہ سابق عالمی چیمپئن سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔