پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 6 پرمقدمات بننے لگ گئے تو گلوں کے لیے رسّے کم پڑجائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ انتخابات میں دوتہائی اکثریت ملنے کے بعد فیصلے کو پارلیمنٹ سے ختم کرادیں گے۔
سابق وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کہہ رہی ہے کہ سازش کے شواہد نہیں ملے مگر جو مواد ہم نے دیا وہ عدالت پڑھنے کو تیارنہیں ،مزید کہا فیصلے سے قبل چیف جسٹس کے آفس میں موجود مراسلے کو پڑھوالیتے۔
سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کی تاریخ شاندارنہیں رہی، سپریم کورٹ ججمنٹ کوکتنی پذیرائی ملے گی بعد میں دیکھا جائے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ غلطیوں سےعبارت ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا گیا، سندھ ہاؤس میں جو ہورہا تھا اس وقت ججز کو جاگنا چاہئے تھا۔
سابق وزیر نے کہا کہ عقلمند لوگوں کو معلوم ہے کہ سائفر کی تفتیش آخر کیوں نہیں ہورہی، جو مٹیریل ہم نے لگایا تھا وہ تو آپ پڑھنے کو تیار نہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صدرپاکستان نے بھی سپریم کورٹ کو خط لکھ رکھاہے، ابھی تک اس کا جواب نہیں آیا کمیشن بھی نہیں بنایا جا رہا، ایک طرف سائفر پڑھنے کو تیار نہیں دوسری طرف تحقیقات نہیں کررہے۔
امریکی سائفر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سائفرجس کے نتیجے میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی عمل میں آئی، اس سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کل سابق امریکی وزیردفاع نے کہا امریکا دنیا میں رجیم چینجز آپریشن کرتارہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ چیزیں زیادہ دیر نہیں رہ سکتی عوام کو فیصلے کرنا ہوں گے، قوم اب انقلاب کیلئے تیارہے، فیصلہ آپ نے کرنا ہے انقلاب ووٹ سے آئے گا یا سری لنکا کی طرح آگے بڑھنا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بڑی سیاسی طاقت ہے اس کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے، موجودہ اسمبلی میں کوئی بھی ریپریزنٹڈ نہیں ہے، اسمبلی راجا ریاض اورشہبازشریف کومبارک ہو۔
موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت فراڈیوں پرمشتمل ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنی سیاست تباہ کردی ہے، ن لیگ اورپیپلزپارٹی سمجھتی ہے لوگ بیوقوف ہیں۔