بانی پی ٹی آئی کو کل تک ہسپتال منتقل نہ کیا گیا تو توہین عدالت ہو گی: سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت حکومت کے پاس بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے کل تک کا وقت ہے، اور اگر انہیں منتقل نہ کیا گیا تو یہ واضح توہینِ عدالت ہوگی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔ اگر حکومت نے فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا تو پی ٹی آئی عدالت میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرے گی اور اس معاملے کو عوام کے سامنے بھی رکھے گی۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی کے وفد نے اپوزیشن لیڈر سے خیر سگالی کے تحت ملاقات کی اور سیاسی گفتگو کی بحالی و انتخابی اصلاحات کی تجویز پیش کی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت اور اجازت کے بغیر ان امور پر مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی وفد نے عمران خان کے علاج کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کی توثیق بھی کی، تاہم اس ملاقات کے دوران نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

Comments (0)
Add Comment