ایران نے آبنائے ہرمز کی شمالی گزرگاہ سے متحدہ عرب امارات کا ایک آئل ٹینکر اپنے قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق یہ ٹینکر متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ جبل علی کی طرف جا رہا تھا، جسے کارروائی کے بعد ایرانی بندرگاہ بندر عباس منتقل کیا جا رہا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی، کاروباری اور مالی معاملات تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اماراتی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تمام تر کمرشل تبادلے اور اقتصادی لین دین روک دیے گئے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔