زرداری ماسٹر مائنڈ، ایم پی ایزکو 50 کروڑ کی پیشکش کی جا رہی ہے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے، اس کام کے پیچھے آصف علی زرداری ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ آج لاہور کو بھی سندھ ہاؤس میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ کی طرح کا سامنا ہے، جہاں پر رکن صوبائی اسمبلی کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ روپے تک کی پیشکش کی گئی۔ ہارس ٹریڈنگ کے پیچھے اس کام کے ماسٹر مائنڈ آصف علی زرداری ہیں جو اپنی کرپشن پر این آر او حاصل کرتے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خریدتے ہیں۔ اسے جیل بھیجنا چاہیے۔

اپنے بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ نہ صرف ہماری جمہوریت پر حملہ ہے بلکہ ہمارے معاشرے کے اخلاقی تانے بانے پر بھی حملہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے ایکشن لیا ہوتا اور منحرف رکن پر تاحیات پابندی لگائی ہوتی تو اس طرح کے کاموں کو روکا جا سکتا تھا۔

سابق وزیراعظم نے لکھا کہ کیا امپورٹڈ حکومت کو احساس نہیں قوم کو کتنا نقصان ہو رہا ہے؟

Comments (0)
Add Comment