وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ 22 جولائی کو چوہدری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حالیہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جیت اور (ن) لیگ کی شکست کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی واپسی سے متعلق بھی گفتگو کی ۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ 20 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جس میں سے ہم نے 5 نشستیں جیتی ہیں، جب (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کا مقابلہ ہوگا تو ہم دو تہائی اکثریت سے جیتیں گے، ان نشستوں پر 2018 کے مقابلے میں ہمارا ایک لاکھ 28ہزار ووٹ بڑھا ہے، ہمیں وقتی طور پر نقصان ہوا ہے جو اگلے الیکشن میں پورا ہوجائے گا، جن کو ابھی ٹکٹ دیا ہے عام انتخابات میں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت سینئر پارٹی لیڈرز نے الیکشن سے پہلے بھی پارٹی قیادت سے ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لیے کہا تھا کیوں کہ ہم لاہور، فیصل آباد سمیت دیگر جگہوں پر ٹکٹ تبدیل کرنا چاہتے ہیں، ہمارے مؤقف پر پارٹی قیادت نے کہا کہ ہم نے انہیں ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا ہے۔