راولاکوٹ سے مظفرآباد تک کے علاقے میں کشیدگی کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندوں نے نظریہ پاکستان کی حمایت اور پاکستانی پرچم بلند کرنے کے جرم میں راولپنڈی سے راولاکوٹ جانے والے 2 نوجوانوں سردار زاہد اور اکرم منصف کو رہاڑہ کے مقام سے اغوا کر لیا ہے۔
واقعے کے بعد لواحقین نے مقامی وفود کے ذریعے تنظیم سے رہائی کی اپیل کی، تاہم بازیابی نہ ہونے پر اب قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری مدد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق نقاب پوش کارندے راولاکوٹ، رہاڑہ، کھائی گلہ اور تولی پیر روڈ سمیت مختلف مقامات پر مسلح ناکے لگا کر نظریہ پاکستان کے حامیوں کو ہراساں کر رہے ہیں اور ان کے گھروں پر چھاپے مار کر دھمکیاں دے رہے ہیں، جس پر ماہرین نے اس عمل کو دشمن کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔