اسلام آباد ( وی این آئی) ملک بھر میں اس وقت پیراسیٹامول کی گولیاں اور سپرپ کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے اور جن میڈیکل سٹوروں پر یہ ادوات دستیاب ہیں وہ دوگناقیمت پر فروخت ہورہی ہیں۔
پیراسیٹا مول کی ادویات ایسے وقت میں مارکیٹ سے غائب ہیں جب ملک میں ڈینگی کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ کئی شہروں میں روزانہ سینکڑوں ڈینگی کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں ۔ اور طبی ماہرین ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو بخار کے دوران صرف پیراسیٹامول کھانے کا مشورہ دیتے ہیں
مارکیٹ میں عام طور پر پیراسیٹامول کی دس گولیوں کا پتہ 25 روپے میں فروخت ہوتا ہے لیکن ادویات کے مارکیٹ میں قلت کے باعث یہی 10گولیوں کا پتہ 60روپے میں فروخت ہورہا ہے اور لوگ مجبورا منہ مانگے داموں پر ان گولیوں اور سیرپ کو خریدنے پر مجبور ہیں ۔
دواساز کمپنیوں نے حکومت سے پیراسیٹا مول کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ کر رکھا ہے اور اس کی وجہ خام مال کی قیمت میں اضافہ قرار دیا لیکن حکومت نےگزشتہ روز عوام کے مفادات کے پیش نظر پیراسیٹامول کی قیمت میں اضافے سے انکار کردیا تھا ۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد دوساز کمپنیوں نے پیراسیٹامول کی ادویات کم مقدار میں مارکیٹ میں بھیجنے کی حکمت عملی اپنا رکھی ہے جس کے بعد ملک بھر میں پیراسیٹامول سے بنی ادویات کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے
حکومت اور کمپنیوں کے درمیان اس رسہ کشی میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور خاص بطور پر اس موقع پر جب ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ادویات کی کمی کئی قیمتی جانوں کے نقصان کا باعث بن سکتا ہے ۔