گجرات : پنجاب پولیس کی جانب سے مسلم لیگ ( ق ) کے رہنما ء اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے جبکہ پولیس کی درجنوں گاڑیوں اور سینکڑوں اہلکاروں نے رہائش گاہ کو حصار میں لئے رکھا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کنجاہڑی ہاؤس پر چھاپا مارا گیا اور بھاری نفری نے رہائش گاہ کو حصار میں لئے رکھا جبکہ پولیس کی کچھ گاڑیاں رہائش گاہ کے قریب بھی گشت کرتی رہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی اور انکے بیٹے مونس الہٰی گھر پر نہیں بلکہ لاہور میں موجود ہیں، صرف گھریلو ملازمین گھر پر موجود ہیں، یہ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے کس مقدمہ میں اور کیوں چھاپہ مارا ہے۔
ابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، نگران حکومت اپنا مینڈیٹ بھول گئی ہے، ان کا مینڈیٹ صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کسی کے گھر پر ریڈ نہیں کر رہی، وہ اپنے مخالفین کی دل آزاری نہیں کر رہے، آپ دیکھیں گے ان کے خلاف کس طرح سارا گجرات باہر نکلتا ہے، حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، یہ یہاں اپنی دشمنیاں نکالنے کے لئے موجود نہیں ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو سرخاب کے پر لگ گئے ہیں اور یہ پکڑے نہیں جائیں گے، ان کا بھی احتساب بہت جلد ہوگا، یہ کام ہی سارا غلط کر رہے ہیں، ہمیں اپنی عدلیہ پر پورا یقین ہے، ان کو عدالتوں سے سزا دلوائیں گے، یہ غیر قانونی حرکتیں کر رہے ہیں، ہم تمام ریکارڈ اکٹھا کر رہے ہیں، ساری وکلاء تنظیمیں بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہیں، یہ جو لوگوں کو تنگ کرتے ہیں، اب باری ان کی ہے۔