چھوٹے صوبوں کا قیام ناگزیر، سندھ میں خون کا قطرہ بھی گرا تو ذمہ دار بلاول ہونگے: مصطفیٰ کمال
کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں چھوٹے صوبوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بغیر پاکستان نہیں چل سکتا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سندھ سے متعلق حالیہ بیان پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہنے کی بات کر رہے ہیں، تاہم اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی ذمہ داری خود بلاول بھٹو پر عائد ہوگی۔
وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کی 18 سالہ صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاق سے ملنے والے اختیارات اور 22 ہزار ارب روپے کے فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے گئے، جس کے باعث کراچی آج بھی رہنے کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے دوران مقامی حکومتوں کے اختیارات کی تشریح کی کوشش کو بھی پیپلز پارٹی نے ناکام بنایا، جبکہ ماضی میں کراچی کو 7 اضلاع میں تقسیم کیا گیا۔
صوبوں کی تشکیل کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے تجویز پیش کی کہ اس اہم معاملے پر عوامی ریفرنڈم ہی بہترین راستہ ہے اور وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا آئینی اختیار موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی، جبکہ طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ بھی ریفرنڈم پر کھل کر بات کر چکے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ مہاجر برادری نے ماضی میں شدید تشدد کا سامنا کیا ہے اور مردم شماری میں 73 لاکھ افراد کو کم شمار کیے جانے کے باوجود قومی ترقیاتی پروگرام میں ان کے حصے کے ہزار ارب روپے بنتے ہیں جو نہیں دیے جا رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صوبوں کے قیام کے فیصلے میں مزید تاخیر کی گئی تو ملک دشمن عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔