vni.global
Viral News International

غزہ میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی، فضائی حملے اور ہزاروں فلسطینیوں کا انخلا

غزہ: اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور بلڈوزروں نے البریج اور النصیرات پناہ گزین کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی اطراف میں بڑھنے کے باعث درجنوں خاندان علاقے سے نکل رہے ہیں۔ کارروائی سے قبل مقامی آبادی اور بے گھر افراد کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

دوسری جانب وسطی غزہ کے علاقے المغراقہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ قبل جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہری علاقوں کے اندر باضابطہ طور پر فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔

اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے حماس نے اس فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے اسے جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کا خطرناک منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس جارحیت کی ذمہ داری امریکا اور غزہ امن بورڈ پر عائد کی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.