سکیورٹی فورسز کی بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کارروائی، 4 خوارج ہلاک
سکیورٹی فورسز کے عزمِ استحکام وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں ضلع بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کی جانے والی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گیدڑ کیمپ میں خوارج کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران چھپے ہوئے 2 زخمی خوارج کی فائرنگ کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دونوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فورسز نے کارروائی کے دوران 2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور بھاری گولہ بارود برآمد کر لیا ہے، اس کے علاوہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا پرچم، 6 موبائل فون، بندوقوں کی بیلٹس اور دیگر عسکری سازوسامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک اپنی بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گی۔