ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لیکرپورٹ قاسم پہنچ گیا
ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے، جس کی آمد پر نئے نظام کے تحت پورٹ قاسم پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ 15 ہزار میٹرک ٹن کا یہ ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر پا رہی تھیں، تاہم اب اس اقدام سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی ترسیل کو بہتر بنانے میں خاصی مدد ملے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد بھی متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہوگی اور عوام کو براہ راست ریلیف میسر آئے گا۔