صوبوں سے متعلق بحث کو روکا نہیں جا سکتا، خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے: عطا تارڑ کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں سے متعلق بحث نہیں روک سکتے، خون بہانےکی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں صوبوں اور گڈ گورنس کے حوالے سے بحث جاری ہے، اور اگر پاکستان کے عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو وہ بنائے جائیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا صوبوں اور گورننس میں بہتری لانے کی بات کرنے سے عوام کو روکا جائے؟ جمہوری اور قانونی تقاضا یہی ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے کیونکہ نمائندے عوام سے ہوتے ہیں نہ کہ عوام نمائندوں سے۔
عطا تارڑ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کی مرضی جانے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، اور عوام کی رائے جاننے کا بہترین اور آئینی ذریعہ ریفرنڈم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے، اور سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات کو عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں۔