ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ: پاکستان کی بھارت کو شکست، فائنل میں رسائی
ڈھاکا : ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے۔ بھارتی کپتان درگاہ راؤ نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ سنجے کمار نے 30 اور دنا وینکٹیش نے 26 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری لمحات تک کانٹے کا مقابلہ جاری رہا۔ میچ کے فیصلہ کن مرحلے پر قومی ٹیم کو جیت کے لیے آخری دو گیندوں پر 7 رنز درکار تھے، جہاں بلے باز نعمت اللہ نے اعصاب شکن صورتحال میں پانچویں گیند پر شاندار چھکا اور آخری گیند پر چوکا جڑ کر ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کر دیا۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل معرکہ اب 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔