اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں کال سینٹر پر چھاپہ، 170 ملازمین اڈیالہ جیل منتقل
کال سینٹر میں کام کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ شدید پریشانی سے دوچار
اسلام آباد: (رپورٹ : طیب بلوچ) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ایٹ میں قائم ایک کال سینٹر پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) اور اسلام آباد پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا ہے۔ مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار کیے گئے 170 ملازمین کو تین روز تک اسی دفتر میں قید رکھنے کے بعد اب اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
تین روزہ محاصرہ اور اہل خانہ کا احتجاج

ذرائع اور ملازمین کے ورثاء کے مطابق، 170 ملازمین کو گزشتہ تین روز سے دفتر کے اندر ہی محصور کر کے رکھا گیا تھا اور اس دوران نہ کسی کو باہر جانے کی اجازت تھی اور نہ ہی کسی کو اندر داخل ہونے دیا جا رہا تھا۔ آج جب لاپتہ اور محصور ملازمین کے پریشان حال گھر والے اور والدین بڑی تعداد میں دفتر کے باہر جمع ہونا شروع ہوئے تو این سی سی آئی اے اور اسلام آباد پولیس نے ان تمام ملازمین کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ورثاء کی آہ و بکا، حکام کا رعایت دینے سے انکار
ملازمین کی جیل منتقلی کے وقت دفتر کے باہر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جہاں والدین اور اہل خانہ روتے بلکتے ہوئے اپنے بچوں کو چھوڑنے کی التجائیں کرتے رہے۔ تاہم، این سی سی آئی اے اور اسلام آباد پولیس کے حکام نے کسی بھی قسم کی لچک یا رعایت دکھانے سے انکار کر دیا اور سخت سکیورٹی حصار میں تمام ۱۷۰ ملازمین کو اڈیالہ جیل روانہ کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
ملحقہ کاروباری مراکز متاثر، تاجروں کو شدید نقصان

دوسری جانب، تین روز تک جاری رہنے والی اس کارروائی اور سکیورٹی محاصرے کے باعث کال سینٹر کے ساتھ واقع دیگر کاروباری دفاتر کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ملحقہ دفاتر کے مالکان اور کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش اور خوف و ہراس کی فضا کے باعث ان کا روزمرہ کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔