بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل کردیا گیا
قومی بچت نے مختلف بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں ردوبدل کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کے پہلے پانچ منافعوں کی شرح 11.8 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ چھٹا منافع 12.8 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔
اسی طرح ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس اور بہبود، پنشنرز اور شہدا فیملی اکاؤنٹس کے منافع کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جہاں ریگولر انکم سرٹیفکیٹ کا منافع 12.12 فیصد اور بہبود، پنشنرز و شہدا فیملی اکاؤنٹس کا منافع 12.96 فیصد برقرار ہے۔
دوسری جانب شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت تین ماہ کے سرٹیفکیٹس کی شرح 11.56 فیصد، چھ ماہ کے سرٹیفکیٹس کی شرح 11.90 فیصد اور ایک سال کے سرٹیفکیٹس کی شرح 12.14 فیصد ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ عام سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 10.50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹ کے ایک سالہ پلان کی شرح 12.04 فیصد اور سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے تین سالہ پلان کی شرح 11.98 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کا پانچ سالہ پلان 12.12 فیصد پر برقرار ہے اور سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹ کی متوقع شرح 12.04 فیصد ہو گئی ہے۔