ایف آئی اے نے ترکیہ سے ملک بدر 8 پاکستانیوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد نے ترکیہ سے ملک بدر ہو کر واپس آنے والے آٹھ پاکستانی شہریوں کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق یہ آٹھوں پاکستانی شہری ورک ویزوں پر ترکیہ گئے تھے، تاہم وہاں متعلقہ کمپنیوں میں قانونی طور پر ملازمت کرنے کے بجائے دیگر مقامات پر غیر قانونی طور پر کام کرنے میں ملوث پائے گئے۔ اس غیر قانونی سرگرمیوں پر ترکیہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان شہریوں کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا تھا، جہاں سے قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد انہیں ملک بدر کر دیا گیا۔
ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے وطن واپس پہنچنے والے تمام آٹھوں شہریوں کیخلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کی دفعات تین اور چار کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے اس معاملے میں دیگر ملوث افراد یا ایجنٹس کے کردار کا تعین مکمل تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔