vni.global
Viral News International

کوپ 31 ماحولیاتی کانفرنس میں مذاکرات ناکام، اہم معاہدہ مسترد

کوپ 31 ماحولیاتی کانفرنس میں بڑا تعطل، فوسل فیول کے ذکر کے بغیر معاہدہ مسترد، یورپی یونین اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے اعتراض کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ترکی  میں اقوام متحدہ کی کوپ 31 ماحولیاتی کانفرنس اہم معاہدے پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث شدید اختلافات کا شکار ہوگئی۔ یورپی یونین، برطانیہ، چھوٹے جزیرہ نما ممالک اور بعض غریب ترقی پذیر ممالک نے مجوزہ انطالیہ معاہدے کو مسترد کردیا۔ معاہدے میں موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ قرار دیے جانے والے فوسل فیول یعنی تیل، گیس اور کوئلے کا کوئی ذکر شامل نہیں تھا۔

کانفرنس جمعے کو اختتام پذیر ہونا تھی، تاہم اختلافات کے باعث مذاکرات اتوار کی دوپہر تک جاری رہے۔ کانفرنس کی مشترکہ صدارت نے مختلف متعلقہ امور پر فیصلے منظور کرکے مکمل ناکامی سے بچنے کی کوشش کی۔ ان فیصلوں میں ہائی کاربن صنعتوں سے وابستہ کارکنوں کو کم کاربن معیشت کی طرف منتقل کرنے کے لیے منصفانہ منتقلی (جسٹ ٹرانزیشن) کا معاملہ بھی شامل تھا۔

ترکی کے کوپ صدر مرات کوروم نے اعتراف کیا کہ مجوزہ مرکزی معاہدے کی حتمی دستاویز پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا، اس لیے اسے منظور نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدارت نے اپنی پوری کوشش کی، تاہم کسی ملک پر دستاویز مسلط نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی کو اسے قبول یا مسترد کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانفرنس میں موجود بعض ممالک اس دستاویز کی مخالفت کر رہے تھے، اس لیے اسے اتفاق رائے سے منظور کرنا ممکن نہیں تھا۔

یورپی یونین کی جانب سے آئرلینڈ کے وزیر ماحولیات ڈارا اوبرائن نے مجوزہ معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویز موجودہ موسمیاتی صورتحال کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایسے معاہدے کی حمایت نہیں کرسکتی جس میں فوسل فیول کا ذکر تک نہ ہو، حالانکہ یہی موسمیاتی تبدیلیوں کی بنیادی وجوہات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی جو فوسل فیول کے استعمال کو ماحولیاتی تحفظ کے نام پر جواز فراہم کرے۔

یورپی یونین کے اس مؤقف پر کانفرنس ہال میں شرکاء نے تالیاں بجا کر حمایت کا اظہار کیا۔ پاناما، مارشل آئی لینڈز اور ناروے نے بھی مجوزہ معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ماحولیاتی تجزیاتی ادارے کلائمیٹ اینالیٹکس کے سربراہ بل ہیئر نے کہا کہ یہ ایک اہم موڑ ہے جہاں ممالک فوسل فیول کے مفادات کے خلاف کھڑے ہوکر انکار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب تھنک ٹینک پاور شفٹ افریقہ کے ڈائریکٹر محمد ادو نے کانفرنس کو بدترین کوپ قرار دیتے ہوئے یورپی یونین پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ نے معاہدے کو مسترد کیا، لیکن اس بحران کی ذمہ داری سے خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ غریب ممالک کو تباہ شدہ فصلوں، گھروں کی بربادی اور بڑھتے ہوئے قرضوں کا سامنا ہے، جبکہ بحران کے ذمہ دار امیر ممالک اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

سعودی عرب نے معاہدے میں کاربن کی گرفت اور ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی (سی سی ایس) کو شامل کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ دوسری جانب افریقی گروپ، چین اور پاکستان سمیت بعض ممالک نے بھی معاہدے کی مخالفت نہیں کی، اگرچہ انہیں اس کی بعض شقوں پر تحفظات تھے۔

پاکستان نے کانفرنس سے خطاب میں مؤقف اختیار کیا کہ صرف چند نکات پر اعتراض کی بنیاد پر پورے معاہدے کو مسترد نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی اقدامات کوئی ایسا مینیو نہیں جس میں سے صرف اپنی پسند کے نکات منتخب کیے جائیں اور باقی کو نظرانداز کردیا جائے۔

مجوزہ انطالیہ معاہدے میں ممالک کو معیشتوں کی بجلی پر منتقلی، ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو پیرس معاہدے کے ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ کے ہدف سے تجاوز کرنے سے روکنے پر زور دیا گیا تھا۔

تاہم 130 سے زائد ممالک کے مطالبے کے باوجود فوسل فیول سے بتدریج منتقلی کا واضح لائحہ عمل شامل نہ ہونے اور کاربن کی گرفت و ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی سے متعلق متنازع شقوں نے معاہدے پر اتفاق رائے کی راہ روک دی۔

یوں کوپ 31 کانفرنس میں بعض متعلقہ فیصلوں کی منظوری کے باوجود موسمیاتی مذاکرات کا اہم ترین نتیجہ یعنی مرکزی انطالیہ معاہدہ اتفاق رائے حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.