سٹیٹ بینک نے پاکستانی معیشت کی سالانہ رپورٹ 2026 جاری کردی
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2026 کے لیے ملکی معیشت کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں نمایاں بہتری اور معیشت کی لچک کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران محتاط مانیٹری پالیسی اور معاشی اصلاحات کی بدولت ملکی معیشت نے مقامی اور عالمی اقتصادی چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے استحکام برقرار رکھا۔
اسٹیٹ بینک نے تخمینہ لگایا ہے کہ آئندہ مالی سال 2027 کے دوران حقیقی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہے گی۔
مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح وسط مدتی ہدف یعنی 5.0 تا 7.0 فیصد کی بالائی حد کے قریب رہی، تاہم آئندہ مالی سال 2027 میں مہنگائی کم ہو کر اسی ہدف کی حد میں رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2027 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر تا 1.0 فیصد کی محدود سطح پر رہنے کی توقع ہے۔