وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا راولپنڈی میں والہانہ استقبال، سونے کا تاج پیش کیا گیا
راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی راولپنڈی آمد پر شہریوں کی جانب سے شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر شہر کی مختلف سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں ہزاروں افراد جمع ہوئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور خیرمقدمی پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔
Pindi live ❤️ pic.twitter.com/7Z8pFKAoSo
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) November 24, 2026
بازاروں میں ڈھول کی تھاپ اور روایتی پنڈی وال انداز میں وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ گھڑ ڈانس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تاجر برادری اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی مریم نواز کا پرجوش استقبال کیا۔ پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی کے طویل بیرونی راستے پر طلبہ و طالبات نے دونوں اطراف کھڑے ہو کر وزیراعلیٰ کا استقبال کیا، جبکہ یونیورسٹی گیٹ پر موجود کارکنوں نے ان کی آمد پر پرجوش نعرے لگائے۔
.jpg)
سونے کا خصوصی تاج پیش
دورہ راولپنڈی کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خالص سونے کا ایک خصوصی تاج بھی پیش کیا گیا۔ یہ تاج “آل پاکستان رجسٹرڈ سمال جیمز اینڈ جیولری اینڈ ٹول ایسوسی ایشن” نے اپنی مدد آپ کے تحت تیار کروایا تھا۔
ایسوسی ایشن کے زونل چیئرمین غلام مصطفیٰ نے وزیراعلیٰ کو سونے کا تاج پہنایا۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے مطابق یہ تاج پیش کرنے کا مقصد وزیراعلیٰ کی راولپنڈی آمد پر ان کا خیرمقدم کرنا اور اظہارِ تشکر تھا۔