راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ واکر نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ برطانوی چیف آف جنرل سٹاف نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے دی جانے والی خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ اعلیٰ سطح کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا واضح عکاس ہے۔