vni.global
Viral News International

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

رحیم یار خان: آئی جی پنجاب کی قیادت میں رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے جس میں گیارہ ہزار پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  رحیم یار خان کے کچے علاقے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا۔ آرپی او بہاولپور رائے بابر سعید، ڈی پی او رضوان عمر گوندل بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ ہیں۔

نیشنل سیکیورٹی کونسل کے حکم پر جاری اس آپریشن کی قیادت ڈاکٹر عثمان خود کر رہے ہیں۔ کچہ آپریشن میں جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں گی۔

پولیس ٹیمیں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کے خاتمے میں مصروف ہیں۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ مسلسل جاری ہے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا ہے۔

آپریشن کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے بتایا ہے کہ اس آپریشن کے لیے پنجاب سے دو ہزار جوانوں پر مشتمل نفری بھجوائی گئی ہے، مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، پی سی اور مختلف اضلاع سے دو ہزار مزید نفری کچہ آپریشن میں حصہ لینے کے لیے  روانہ ہوچکی ہے، کچہ کے علاقے میں پولیس چوکیاں مکمل بحال کرکے آج اندرونی علاقوں میں پیش قدمی کا آغاز کیا جائے گا۔

 

آئی جی پنجاب کے مطابق اس سے پہلے سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہے جبکہ آج اندرونی علاقوں کو کلئیر کرانے کے لیے آپریشن کا آغاز ہورہا ہے، سندھ پولیس بھی اپنے علاقوں میں آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے سے مجرمان کی پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، ریاست اور قانون کی رٹ کو بحال کیا جائے گا، پولیس جوانوں کا جوش و جذبہ جوان اور مورال بلند ہے، سماج دشمن عناصر کا مستقل خاتمہ کیا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.