vni.global
Viral News International

کراچی میں چندگھنٹوں کی بارش میں سڑکیں ڈوب گئیں، ٹریفک کی روانی متاثر

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹے کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے سڑکیں ڈوب گئیں۔

کراچی کے علاقوں ملیر،گلستان جوہر ،گلشن معمار،کورنگی، ائیرپورٹ، رفاہ عام سوسائٹی اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 3 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ پی اے ایف فیصل بیس پر 36،گلشن معمار میں 3.6 ملی میٹر، قائد آباد 5.5،یونیورسٹی روڈ 5.2،ناظم آباد میں 18ملی میٹر اور ائیرپورٹ اولڈ ایریا میں 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر دھابیجی، دنبہ گوٹھ اور سپر ہائی وے پر مختلف مقامات پربوندا باندی ہوئی، طارق روڈ ایم اے جناح روڈ، اورنگی ٹاؤن اور آئی آئی چندریگر روڈ پر بھی بارش ہوئی۔

بارش کے بعد ناگن چورنگی، فورکے چورنگی زیر آب آگئیں اور متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں، ناگن چورنگی کے پل پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہری ٹائر ٹیوب میں بیٹھ کر سڑک پارکرنے لگے۔

 شارع فیصل پر بھی مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر  ہوئی اور  دفاتر سےگھر جانے والے شہری پھنس کر رہ گئے۔

لیاقت آباد سے تین ہٹی جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہے، جہانگیر روڈ سے گرومندر جانے والی سڑک اور کارساز سے شارع فیصل جانے والی سڑک پر بارش کا پانی جمع، ایف ٹی سی سے میٹروول آنے والی سڑک پرٹریفک کی روانی متاثر ہے، پی آئی بی سے سینٹرل جیل جانے والی سڑک پر بھی بارش کا پانی جمع ہے،تبت سینٹر سے ریگل چوک اور تبت چوک پر بارش کا پانی جمع ہے، پٹیل پاڑہ،لسبیلہ چوک، ڈینسول ہال پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

 بجلی کی فراہمی بھی متاثر

 بارش سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور دو سو فیڈر بند ہونے سے گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر اور نارتھ کراچی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کےلیے ٹیمیں کام کررہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث کراچی میں 23 سے 25 ستمبر کے درمیان کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.