کراچی: عمر شریف کی میت سرد خانے منتقل
لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت ترکی سے پاکستان پہنچ گئی ہے ۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ائیر لائن کی فلائٹ TK-708نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جبکہ شیڈول کی پرواز صبح تقریباً 5 بج کر 33 منٹ پرکراچی ائیر پورٹ پر لینڈکی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی پرواز کے ہمراہ کراچی پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے لواحقین کے حوالے کی جائے گی۔
فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرشریف کی میت ائیرپورٹ سے سرد خانے منتقل کی جائے گی ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمر شریف کی میت جرمنی کے شہر نیورمبرگ سے پہلے میونخ منتقل ہوئی جسے ترک ائیر کی پرواز TK-1634 کے ذریعے استنبول پہنچایا گیا تھا۔
کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت کو اعزاز کے ساتھ پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عمر شریف کی نماز جنازہ عمر شریف پارک کلفٹن بلاک ٹو میں سہہ پہر تین بجے ادا کی جائے گی جس کے بعد کامیڈی کنگ کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں سپرخاک کیا جائے گا۔