کابینہ ارکان اور سرکاری افسران کو ملنے والے مفت پٹرول کی کٹوتی کا فیصلہ
ملک میں گزشتہ ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا

وزیراعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان اور سرکاری افسران کو ملنے والے فری پیٹرول میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی وزرا اور افسران کو ملنے والے فیول کا کوٹہ 40 فیصد کم کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے سرکاری اداروں میں بھی پیٹرول کے استعمال کی مد میں 35 فیصد کٹ لگادیا گیا ہے۔
ادھر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے افسران کو ملنے والے فیول میں 40 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات کافی نہیں، بڑے اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے، کورونا کی وبا کے دوران کیے گئے فیصلوں جیسے اقدامات کی ضرورت ہے ، آسائشیں کم کی جائيں، بجلی کی بچت کیلئے بازاروں کے اوقات کار کم کیے جائيں۔