ڈی جی خان میں بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 27 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی
’ہمارے گھر کے پانچ افراد اس حادثے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ وہ عید کی چھٹیوں پر گھر واپس آ رہے تھے، عید کے خوشی کے موقع پر ہم لٹ گئے ہیں۔ یقین نہیں آتا ہمارے ساتھ یہ انھونی ہو گئی ہے۔‘

یہ کہنا ہے محمد تنویر کا جن کے چھوٹے بھائی، چچا اور تین کزن ان 27 افراد میں شامل ہیں جو پیر کی صج صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور ٹرالر میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

مقامی ریسکیو حکام نے اب تک اس حادثے میں کم از کم 27 افراد کی ہلاکت جبکہ 48 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یہ حادثہ ڈیرہ غازی خان میں بستی جھوک یار شاہ کے قریب انڈس ہائی وے پر پیر کی علی الصبح پیش آیا۔