vni.global
Viral News International

ڈالر 208.75 روپے کا ہو گیا، سونا مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 208 روپے سے متجاوز کر گئی جبکہ فی تولہ سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا تسلسل دیکھا گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپیہ 8 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 207 روپے 67 پیسے سے بڑھ کر 208 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے۔ رواں ہفتے ڈالر کی قدر انٹر بینک میں 6 روپے 40 پیسے بڑھی ہے۔

اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ڈھائی روپے بڑھا ہے، اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 211 روپے کا ہوگیا ہے۔ نئی حکومت آنے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 26 روپے مہنگا ہو چکا ہے

سونا مزید مہنگا

اُدھر بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 27 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جسکے بعد نئی قیمت ایک ہزار 846 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالا، فیصل آباد، راولپنڈی، حیدر آباد سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1 لاکھ 45 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 857 روپے کی بڑھوتری دیھی گئی اور نئی قیمت ایک لاکھ 24 ہزار 742 روپے ہو گئی ہے۔

مزید برآں فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔

سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا تسلسل، اربوں فائدہ

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے اخراج کی امیدوں پر زبردست تیزی کا تسلسل دیکھا گیا۔ 100 انڈیکس 410.60 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 42140.76 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.98 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ 8 لاکھ 17 ہزار 436 شیئرز کا لین دین ہوا ، زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 90 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

معاشی ماہرین کے مطابق ایف اے ٹی ایف اجلاس میں 27 نکاتی ایکشن پلان کی تعمیل پر پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کی متوقع اطلاعات کے پیش نظر پہلے سیشن میں اسٹاک ایکسچینج میں تیزی رہی۔ ایف اے ٹی ایف کے پلینری اجلاس کے نتائج کی آمد متوقع ہے، آج زیادہ تر خریداری مالیاتی اداروں نے کی ہے۔ پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے کی اطلاعات کے بعد بڑے سرمایہ کاروں نے بلیو چپ شیئرز خریدے ہیں، اگر آج ملک کو اس فہرست سے نکال دیا جاتا ہے تو توقع ہے کہ اگلے سیشن میں انڈیکس 43 ہزار کا ہندسہ عبور کر جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.