پاکستان 05 جون ، 2022 ویب ڈیسک وزیراعظم کی بی جے پی ترجمان کیجانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی کی شدید مذمت
مودی کے اقتدار میں مذہبی آزادیوں کو کچلا اور مسلمانوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ فاشسٹ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادی پامال کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی انتہا پسندی کا نوٹس لے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے نبی کریم ﷺ کی محبت سے بڑھ کر اور کچھ نہیں، تمام مسلمان نبی کریم ﷺ کی محبت اور ناموس کے لیے اپنی جان قربان کر سکتے ہیں۔
خیال رہےکہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔
بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک شدیدغم وغصےکا اظہارکیا جارہا ہے۔
بھارتی شہروں میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے 1500 مسلمان شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اورمتعدد افرادکوگرفتارکرلیا۔