vni.global
Viral News International

پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ تشویش ناک حد پر پہنچ گیا، مزید 23 افراد ہلاک

پاکستان میں کورونا وبا کا پھیلاؤ تشویش ناک حد تک پہنچ گیا، پانچ لہروں کے دوران وبا کا آج بدترین دن رہا، 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 7 ہزار 600 سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے اور شرح 13 فیصد کے قریب جاپہنچی۔

کورونا سے اموات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، اور 24  گھنٹوں میں 23 مریض انتقال کرگئے۔

کراچی میں صورت حال سب سے زیادہ خراب ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 46.5 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بھی کورونا کا پھیلاؤ  بے قابو ہوگیا ہے اور مثبت کیسز کی  شرح 19 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

لاہور میں شرح 18 فیصد، راولپنڈی میں ساڑھے 15 فیصد، حیدرآباد میں بھی 17 فیصد سے زیادہ رہی۔

وبا بے قابو ہونے کے باوجود خلاف ورزیوں کو  قابو کرنےوالا کوئی نہیں، ایس او پیز  پر عملدرآمد کے لیے حکومت محض اعلانات پر اکتفا کر رہی ہے اور اتنطامیہ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہوئی نظر آتی ہے۔ 

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 59343 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7678 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 23 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.94 فیصد رہی۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29065 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 814 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 66479 ہو گئی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.