’نواز شریف آنہیں رہے لائے جا رہے ہیں، انہیں قیدیوں کے تبادلے کے تحت ہم خود لائیں گے‘
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ نواز شریف آنہیں رہے لائے جا رہے ہیں، نواز شریف نے خود کبھی واپس نہیں آنا، حکومت واپس لے کر آئے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےفواد چوہدری کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ قانون پر کام کررہے ہیں، نواز شریف اگر خود جلد واپس نہیں آتے تو ہم نے برطانیہ سے معاملات حل کرلیے ہیں، نواز شریف کو قیدیوں کے تبادلے کے تحت ہم خود لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بھیجنے کی باتیں کرنے والے صرف اپنے کارکنوں کو چورن بیچ رہے ہیں، حکومت گرانا ان کے بس کی بات نہیں ہے اس کیلئے عمران خان جیسا بندہ چاہیے جیسے عمران خان نے ناکوں چنے چبوا دیے تھے وہ ان کا دم خم نہيں۔
وزيراطلاعات نے یہ بھی کہاکہ رانا شمیم کے بیان حلفی کی جو پرتیں کھلی ہیں اس سے معلوم ہوا کہ یہ کس قدر بڑا سسیلین مافیا ہے جو عدالتوں کو دباؤ میں ڈال کر کیسز کو اپنے حق میں کروانا چاہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ہم واپس لائیں گے، نواز شریف نے خود واپس نہیں آنا، میں اس وقت بھی کہہ رہا تھا کہ انہیں باہر نہ جانے دیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں دیہاڑی دار سیاستدان ہیں، یہ اپنی دیہاڑی لگاتے ہیں، مولانا فضل الرحمان 3 سال سے تاریخیں دے رہے ہیں،کہتے تھے ہم حکومت پلٹ دیں گے، حکومت گرانےکے لیے عمران خان جیسا لیڈر ہونا چاہیے، حکومت گرانا ان کے بس کی بات نہیں، اپوزیشن تو پی ٹی آئی نےکی تھی، عمران خان نے ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف حکومت پر تنقیدکر رہی ہے ، آئی ایم ایف کا متبادل دے دے، فنانس ترمیمی بل قومی اسمبلی کے اسی سیشن میں پیش کیا جائے گا، عام آدمی پر کوئی اثر نہیں پڑےگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتیں اور ادارے ایک پیج پر نہ ہونے کے سبب سکیورٹی پالیسی تک نہ بنا سکے، پہلی بار قومی سلامتی پالیسی میں جیواسٹریٹجک پالیسی کے ساتھ اکنامک اسٹریٹجی کومنسلک کیا گیا، اگر معیشت طاقتور نہیں تو سلامتی کی گارنٹی نہیں ہوسکتی، عام آدمی معاشی،سماجی اورقانونی حالت سے مطمئن نہیں ہوگا تو ملک کی سکیورٹی کوخطرہ رہےگا۔