vni.global
Viral News International

مشکل حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری حالیہ ہفتوں، مہینوں میں بے مثال مالی مدد کی۔

چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہے، چین کی طرف سے 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، یہ معاہدہ چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کا پاکستان پر اعتماد کی علامت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، چین کے صدر شی جن پنگ کے بے حد مشکور ہیں، چینی حکومت کے ساتھ سمجھوتے میں اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کا بھی مشکور ہوں، پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 12 سو میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، اس معاہدے سے پاکستان چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا، چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ صلاحیت کا حامل ہے، گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ  صدر شی جن پنگ نے پاک چین دوستی کو آہنی برادرز کی دوستی قراردیا ہے، اس منصوبے کو نواز شرریف کے دور میں لگانے کا فیصلہ ہوگیا تھا، پچھلی حکومت نے اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا تھا، پاکستان کی نئی فوجی قیادت کا بھی شکرگزارہوں کہ اس منصوبے میں گہری دلچپسی لی، یہ منصوبہ سول اور ملٹری لیڈرشپ کے ون پیج پر ہونےکا نتیجہ ہے ۔

آئی ایم ایف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں جائزے کیلئے پاکستان نے تمام شرائط پوری کردی ہیں لیکن معاہدے میں غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے مگر چین ایک بار پھر ہمارے ریسکیو کیلئے سامنے آیا ہے، سعودی عرب اور قطر تاحال پاکستان کی مدد کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیامیں افراط زر کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور چینی کمپنی نے افراط زر کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھائیں، چینی کمپنی نے میری درخواست پر 30ارب روپے کی رعایت دی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے حالیہ ہفتوں، مہینوں میں پاکستان کی بے مثال مالی مدد کی اور اس کے ساتھ چین نے ہمارے قرضوں کی تجدیدکی جو  بے مثال لازوال دوستی کا نمونہ ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.