قومی اسمبلی میں عمران خان کے ایٹمی پروگرام اور فوج سے متعلق انٹرویو کیخلاف قرارداد پیش
ریاست سابق وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے، قرارداد میں مطالبہ

قومی اسمبلی میں سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ایٹمی پروگرام اور پاک فوج سے متعلق انٹرویو کے خلاف قرارداد پیش کردی گئی۔
قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر ایاز صادق نے عمران خان کے خلاف قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو پاکستان تین ٹکڑے ہوجائے گا۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاک فوج کی دفاع کیلئے ناقابل تسخیر خدمات ہیں، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دیں جس پر ایوان خراج تحسین پیش کرتا ہے اور عمران نیازی کے بیان کی مذمت کرتا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریاست سابق وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔
اس حوالے سے ایاز صادق کا کہنا تھاکہ پاک فوج نے دہشت گردی میں بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا، معلوم نہیں عمران خان نے دنیا میں کس کس کو راز دے دیے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو اور تکمیل تک نواز شریف نے پہنچایا، لگتا ہے جو پاکستان کے خلاف نقشے بنائے گئے اس میں بھی یہ شامل تھے، عمران خان نے پاکستان تین ٹکڑوں کی بات کرکے اس کی تائید کی ہے اور ان کا اقتدار کیا گیا ہر روز نئی نئی بات کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلئیر اثاثے چھن جائیں گے اوردرست فیصلے نہ کیے گئے تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔
عمران خان کے بیان کی وزیراعظم شہباز شریف سمیت تمام سیاسی قیادت نے شدید مذمت کی تھی۔