قلعہ سیف اللہ کے قریب وین کھائی میں جاگری، 15افراد جاں بحق
وین میں اب بھی افراد بری طرح سے پھنسے ہوئے ہیں امدادی سرگرمیوں کے لئے لیویز عملے کو بھی طلب کرلیا گیا

کوئٹہ: قلعہ سیف اللہ میں قومی شاہراہ پر مسافر وین کھائی میں گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہیں۔
ڈی سی قلعہ سیف اللہ حافظ قاسم کاکڑ کے مطابق لورالائی سے ژوب جانے والی مسافر وین اخترزئی ادولہ کے مقام پر کھائی میں گرنے سے ابتدائی طور پر 10 افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی۔
حافظ قاسم کاکڑ کا کہنا ہے کہ بعد ازاں حادثے کا شکار مزید 8 افرادکے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہو گئی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ڈی سی قلعہ سیف اللہ کے مطابق مشکل گزار پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں دشواری کا سامنا ہے، تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے