عوام کا خون نچوڑنے سے بہتر ہےعمران خان ملک اور قوم کی جان چھوڑدیں، شہباز شریف
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا خون نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے، منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے ،ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟، غریب آدمی گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟،قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 137 روپے فی لیٹر سے زیادہ کردی۔ 20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، 10 ہزار تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا ؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟۔