vni.global
Viral News International

عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ، متعدد کارکن گرفتار

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان پیشی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے، انہوں نے 7 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

عمران خان کے قافلے کو اسلام آباد پولیس اسکواڈ نے حصار میں لے کر قافلے میں شامل درجنوں گاڑیوں کو روک لیا۔ اسلام آباد پولیس نے غلام سرور خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے  پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا جن میں سابق ایم پی اے چوہدری عدنان اور عمران خان کا آفیشل فوٹو گرافر نعمان جی بھی شامل ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرضمانت قبل از گرفتاری کی  درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مقدمات درج کیے گئے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 7 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے فریقین کو درخواست گزار کی گرفتاری سے روکا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی سات عبوری ضمانت کی درخواستوں پر دو دو اعتراضات عائد کردیے۔

رجسٹرار آفس نے کہا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرایا ، ٹرائل کورٹ سے پہلے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات کے ساتھ درخواستیں مقرر کیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے خصوصی بنچ نے سماعت کی۔

عمران خان کے ساتھ اسلام آباد آنے والی گاڑیوں کو گولڑہ موڑپر روک لیا گیا اور ان کے ساتھ صرف 4 گاڑیوں کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت دی گئی، سابق وزیراعظم کے ساتھ جیمر والی گاڑی کو بھی آگے جانے کی اجازت دے دی گئی۔

سابق وزیراعظم کی گاڑی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر داخلے کی اجازت مل گئی، پولیس نے ہائیکورٹ سائیڈ پر تمام گاڑیوں کو روک لیا۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ پہنچنے پر کارکنان کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.