عالمی برادری پاکستان میں جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے آواز بلند کرے: عمران خان

لاہور: برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
زمان پارک میں ہونے والے ملاقات میں ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ و استحکام، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر تحریک انصاف کے ویژن پر بھی بات چیت کی۔
ملاقات میں پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی سطح پر اس کے خلاف پائی جانے والی تشویش کا جائزہ بھی لیا گیا، اس دوران عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی تحریک انصاف کے سیاسی ایجنڈے کے کلیدی نکات ہیں، جمہوریت کی بنیاد انسانی حقوق کے فروغ و تحفظ پر استوار ہے۔
قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر اینڈریو ڈینگلش کی زمان پارک آمد
قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر زو ویئر اور سیاسی مشیر طلال رضا بھی ہمراہ
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات
دوطرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال
پاکستان میں جمہوریت کے فروغ و… pic.twitter.com/aI5uzoicZo
— PTI (@PTIofficial) April 3, 2023
عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف عوامی رائے کی بنیاد پر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور بحرانوں کا حل نکالنے پر یقین رکھتی ہے، دستورِ مملکت انتخاب کے آزادانہ و شفاف انتخاب کی مدت طے کرتا ہے، مقتدر گروہ عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔
عمران خان نے کہا اظہار و خیال سے لیکر جان و شخصی وقار کے حق تک کو بے دردی سے پامال کیا گیا، سیاسی آزادیوں اور حقوق پر پیہم حملوں سے پوری دستوری سکیم کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، چاہتے ہیں کہ عالمی برادری جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے اپنی آواز بلند کرے، برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی جانب سے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔