vni.global
Viral News International

سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی کو ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم

پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے ایچ نائن جلسہ گاہ میں سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جائیں، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو  ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ایسا پلان دیں کہ مظاہرین پرامن طریقے سے آئیں اور احتجاج کے بعد گھروں کو لوٹ جائیں، یہ نہ ہو جلسے کے بعد فیض آباد یا موٹروے بند کر دی جائے۔

عدالت نے حکم دیا کہ 3گھنٹے میں پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے ایچ نائن جلسہ گاہ میں سکیورٹی انتظامات مکمل کیے جائیں، حکومتی کمیٹی اور پی ٹی آئی کی کمیٹی کا اجلاس چیف کمشنر آفس میں رات 10 بجے کیاجائے۔

سپریم کورٹ نے یہ بات بھی واضح کی کہ کسی بھی وقت عدالتی حکم میں رد و بدل کیا جاسکتا ہے اور حکم واپس بھی لیاجاسکتا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی قیادت کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، گرفتار کی گئی سیاسی قیادت اور ورکرز کو فوری رہا کیا جائے، پی ٹی آئی کی حکومت میں جے یو آئی کے جلسےکیلئے جو معاہدہ کیا گیا تھا اس پر موجودہ حکومت بھی عمل درآمد کرے ، معاہدے میں نئی شق باہمی مشاورت سے شامل کی جائے اور عدالت کوبھی آگاہ کیا جائے۔

دوران سماعت وفاقی حکومت کی طرف سے اٹارنی جنرل نے رکاوٹیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ طاقت کے غیرضروری استعال سے گریز کرے، پی ٹی آئی کےکمیٹی ارکان کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی جائے، عدالت توقع کرتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کی ہدایت کرےگی، پی ٹی آئی کمیٹی یقینی بنائے کہ ملک بھر خصوصاً اسلام آباد میں ناخوشگوار واقعہ نہ ہو، املاک کونقصان نہ پہنچے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.