vni.global
Viral News International

سوموٹو کا مقصد کسی ایک کافائدہ نہیں بلکہ مفاد عامہ ہونا چاہیے: وزیر اعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر سینٹرل جیل لاہور کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے قیدیوں سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کیے۔ انہوں نے جیل اسپتال کا بھی دورہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کو جیل انتظامیہ نے بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے جیل میں واش روم بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مجھے بتائیں جیل میں کن چیزوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جب جیل میں تھا پرندوں کے لیے پانی رکھتا تھا، میں دوسری بار اس جیل میں چھ ماہ رہا، میری دعا ہے کہ قیدیوں یہاں سے بہترپاکستانی بن کر جائیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے علم ہے کہ بعض کیسز میں تاخیر ہوتی ہے، مجھے علم ہے کہ جیل کے اندر عید کے کیا معنی ہیں، میں بھی قید میں رہا ہوں اپنوں سے دوری کیا ہوتی ہے احساس ہے، میرے دورے کا مقصد جیل میں قیدیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔

جیل کے دورے کے موقع پر خاتون نے وزیرعظم کو پولیس سےمتعلق شکایت کی اور کہا کہ میرے بیٹے کو مارا گیا، شوہر کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا۔

وزیراعظم نے انتظامیہ کو خاتون کی شکایت پر انکوائری کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ شہباز شریف نے جیل دورے کے موقع پر خواتین قیدیوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے جیل اسپتال اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، ڈاکٹر سے قیدی مریضوں کے مسائل سے متعلق دریافت کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ جیل میں قیدیوں کے مسائل معلوم کیے، چیف سیکرٹری پنجاب اور جیل حکام سے میٹنگ کی، جیلوں میں بیت الخلا کی صورتحال انتہائی خراب ہے، قیدیوں کے نہانے اور کپڑے دھونے کا نظام بھی خراب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کے ساتھ انصاف اور بہتری کے لیے کتنے سوموٹو لیے گئے؟ جیلوں میں ہزاروں قیدی ایسے ہیں جن کی فوری رہائی ہوسکتی ہے، سوموٹو ان ہی کاموں کے لیے ہے جہاں مفاد عامہ ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.