vni.global
Viral News International

خاتون جج دھمکی کیس : عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 18 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سول جج ملک امان نے خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت کی ، عدالت نے  محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی ، پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی سول جج ملک امان کی عدالت میں پیش ہوئے ۔

پراسیکیوٹر نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان غیرحاضرہیں، قابل ضمانت کو ناقابلِ ضمانت میں تبدیل کیاجائے، وزیرآباد کا بہانا سن سن کر کان پک گئے ہیں، دو دن پہلے وزیرآباد نہیں تھا ، جب ہائیکورٹ پیش ہوئے، ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی، گزشتہ سماعت پر جج نے کہا بہت بار استثنی دیاجاچکا جس کے بعد ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

پراسیکیوٹر نے اعتراض میں کہا کہ عمران خان کی طبی رپورٹ پیش نہیں کی گئی، حاضر نہ ہونے سے متعلق ٹھوس وجوہات بھی نہیں بتائے گئے، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ان کے دستخط ہی نہیں ،صرف ان کے وکلاء کے دستخط ہیں، عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے ۔

پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی جبکہ عمران خان کو 18 اپریل کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.