جسمانی وزن میں 20 فیصد تک کمی لانے والی دوا تیار
ٹرائل میں 2539 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کا جسمانی وزن تحقیق کے آغاز میں 104 کلوگرام سے زیادہ تھا

جسمانی وزن میں کمی لانا آسان نہیں ہوتا اور اس کے لیے لوگ ورزش اور دیگر طریقوں کو اپناتے ہیں۔
مگر اب ایک ایسی دوا تیار ہوئی ہے جو جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہت زیادہ مؤثر ثابت ہورہی ہے۔
امریکی کمپنی ایلی للی کی تیار کردہ دوا tirzepatideکے آخری مرحلے کے ٹرائل کے نتائج سامنے آئے ہیں۔
ٹرائل میں شامل موٹاپے کے شکار افراد کو یہ دوا 72 ہفتوں تک استعمال کرائی گئی جس سے ان کے وزن میں اوسطاً ساڑھے 23 کلوگرام کی کمی آئی۔
اس ٹرائل میں 2539 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کا جسمانی وزن تحقیق کے آغاز میں 104 کلوگرام سے زیادہ تھا۔
ان سب افراد کو ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول یا دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا بھی سامنا تھا۔
ان افراد کو دن بھر میں 500 کیلوریز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ایک چوتھائی افراد کو پلیسبو دوا کا استعمال کرایا گیا جبکہ باقی افراد کو 3 گروپس میں تقسیم کرکے ہفتے میں ایک بار 5 ملی گرام، 10 ملی گرام یا 15 ملی گرام دوا انجیکشن کے ذریعے دی گئی۔
ٹرائل کے اختتام پر جن افراد کو پلیسبو کا استعمال کرایا گیا ان کے جسمانی وزن میں اوسطاً 2.4 فیصد کمی آئی جبکہ tirzepatide کی 15 ملی گرام مقدار استعمال کرنے والے افراد کا جسمانی وزن 20 فیصد تک کم ہوگیا۔
ایسے ماہرین جو ٹرائل کا حصہ نہیں تھے، نے نتائج کو حیران کن قرار دیا۔
ایسے ایک ماہر ڈاکٹر لی کپلان نے کہا کہ نتائج بہت زیادہ متاثر کن ہیں اور یہ دوا بظاہر اس وقت دستیاب کسی بھی دوا سے بہتر محسوس ہوتی ہے۔
یہ دوا ابھی عام افراد کے لیے دستیاب نہیں مگر ٹرائل کے نتائج کے بعد توقع ہے کہ ریگولیٹرز کی جانب سے اسے استعمال کرنے کی منظوری جلد دی جاسکتی ہے۔
اس ٹرائل کے نتائج طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع ہوئے۔