vni.global
Viral News International

افغانستان میں گرودوارے میں دھماکا، 2 افراد ہلاک

کابل میں سکھ گرودوارے میں دھماکے اور فائرنگ کے نیتجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ پاکستان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارکے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں واقع سکھ گرودوارے میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں اب تک دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ واقعے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے ترجمان وزارتِ داخلہ عبدالنفی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کابل کے علاقے کارتہ پروان میں واقع سکھوں کے گرودوارے پر نامعلوم افراد نے صبح ساڑھے 6 بجے حملہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور بارود سے بھری گاڑی گرودوارے کے قریب لانا چاہتے تھے، تاہم ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق حملہ آوروں نے گرودوارے پرتعینات سیکیورٹی گارڈز پر دستی بموں سے حملہ کیا اور گرودوارے میں داخل ہوگئے، اس حملے میں ایک طالبان سیکیورٹی اہلکار اور ایک سکھ ہلاکت ہوگئے، جب کہ 7 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرودوارے کے منتظم گورنام سنگھ کے مطابق حملے کے وقت گرودوارے میں 30 افراد موجود تھے، جن کی موت یا زندہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی، کیوں کہ واقعے کے فوری بعد طالبان نے گرودوارے کو اپنے حصار میں لے کر تمام افراد کا داخلہ بند کردیا ہے اور کسی کو گردوارے میں جانے کی اجازت نہیں۔

واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارتہ پروان کے نواحی علاقے باغ بالا میں واقع گرودوارے سے دھواں اٹھ رہا ہے، جب کہ فائرنگ کی آوازیں بھی آ رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تاحال واقعے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم شدت پسند تنظیم داعش خراسان نے گزشتہ چند دنوں میں مساجد اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے تیز کررکھے ہیں۔

پاکستان کی شدید مذمت

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آج کابل میں سکھوں کے گورودوارے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں مبینہ طور پر قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان میں عبادت گاہوں پر دہشت گردانہ حملوں کے حالیہ سلسلے پر شدید تشویش ہے۔ گزشتہ روز دہشت گردوں نے قندوز میں مسجد کو نشانہ بنایا جس میں متعدد نمازی شہید اور زخمی ہوئے۔ مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے والی دہشت گردی کی یہ کارروائیاں سراسر نفرت انگیز ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم افغانستان کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دہشت گردی کی لعنت سے لڑنے اور اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے افغان حکام کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.